برطانوی شخص چاندی کا سکہ 1357 پاﺅنڈ میں بیچنے میں کامیاب
لندن (نیوز ڈیسک) ایک برطانوی شخص 2 پینی (1 پینی برطانوی پاﺅنڈ کا سواں حصہ ہے) کا سکہ 1357 پاﺅنڈ (تقریباً سوا دو لاکھ پاکستانی روپے) میں بیچنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ چوہتر سالہ ڈیوڈ ڈڈکاک کا کہنا ہے کہ اسے یہ سکہ 26 سال پہلے اس وقت ملا جب وہ اپنے پٹرول پمپ پر گاہکوں کو بقایا واپس کرنے کیلئے سکوں کا ایک نیا پیکٹ کھول رہا تھا۔ ڈیوڈ نے دیکھا کہ یہ سکہ عام سکوں سے مختلف تھا۔ جب اس نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ عام سکوں کے برعکس چاندی سے بنا ہوا تھا۔ مزید معلومات حاصل کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے جس مشین پر بنایا گیا تھا اس میں کچھ وقت پہلی جنوبی افریقہ کے چاندی کے سکے بنائے گئے تھے اور مشین میں کچھ چاندی باقی تھی جس سے یہ برطانوی سکہ اتفاقاً بن گیا۔ ڈیوڈ نے 26 سال تک محفوظ رکھنے کے بعد بالآخر اسے فروخت کیلئے پیش کردیا۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ 200 پاﺅنڈ تک فروخت ہوسکتا تھا مگر پرانے اور منفرد سکوں کے شوقین ایک شخص نے اس کی بولی 1357 پاﺅنڈ لگادی جو کہ اس سکے کی اصل ویلیو سے 67850 گنا زیادہ ہے۔