افریقی ممالک خوشحالی کیلئے دہشتگردی انتہا پسندی ختم کریں اوبامہ

افریقی ممالک خوشحالی کیلئے دہشتگردی انتہا پسندی ختم کریں اوبامہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                        واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی صدر بارک اوبامہ نے افریقی براعظم کے سربراہوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ اس کے بغیر غربت، جہالت ، بے روزگاری اور بیماری کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی۔ واشنگٹن میں چالیس افریقی ممالک اور امریکہ کی تین روزہ سربراہ کانفرنس جاری ہے جس کے تحت منگل کو ”یو ایس افریقہ ، بزنس فورم“ کے اختتام پر صدر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ امریکہ افریقہ کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات بڑھا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط میں اضافے کا بھی خواہش مند ہے۔ اس فورم کی تھیم تھی ”آئندہ نسل میں سرمایہ کاری“ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر اوبامہ نے سرکاری اور نجی سطح پر افریقہ کے لئے 33ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے افریقی لیڈروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقتصادی ترقی کے لئے قانون کی حکمرانی، حکومتی ضوابط کی اصلاح اور بدعنوانی کی خاتمے پر توجہ دیں۔ صدر اوبامہ نے انہیں بتایا کہ ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ان کے خطے میں پائی جانے والی دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی میں بہتری لائی جائے۔ وائٹ ہاﺅس کے بلاگ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سربراہ کانفرنس کا ایک مقصد افریقہ میں موجودہ سیکیورٹی خطرات کے خلاف اس براعظم کے ساتھ امریکہ کے سٹرٹیجک تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے تحت ڈرون طیاروں کو تربیت دی جائے گی۔ اس طرح افریقی ممالک نائجیریا میں بوکوحرام مشرقی افریقہ میں ”الشباب“ ،مالی اور دوسرے علاقوں میں ”القاعدہ ان اسلامک مغرب“ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ اس کانفرنس میں چالیس افریقی سربراہوں کے علاوہ افریقہ اور امریکہ کے اہم تجارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ صدراوبامہ نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ امریکی تجارتی کمپنیاں افریقہ میں 14ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرچکی ہیں جس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ صدر اوبامہ نے فورم کے شرکاءکو بتایا کہ کوکا کولا افریقہ میں صاف پانی فراہم کرے گا، جنرل الیکٹرک کمپنی وہاں بجلی کے انفراسٹرکچر تعمیر کرنے میں مدددے گی اور میریٹ مزید ہوٹل قائم کرے گی۔ صدر اوبامہ نے بتایا کہ امریکہ افریقہ میں توانائی کی ضروریات میں اضافے کے لئے 12ارب ڈالر کی امداد بھی دے گا۔ صدراوبامہ نے منگل کی شب وائٹ ہاﺅس میں شرکاءکے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک افریقی باپ کے بیٹے ہیں جس کی بناءپر ان کا افریقہ سے ایک ذاتی تعلق بھی ہے۔ بدھ کی شام سربراہی کانفرنس ختم ہوجائے گی جس کے بعد صدراوبامہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

مزید :

علاقائی -