ڈی آئی جی آپریشن کی یقین دہانی پرپولیس کیخلاف نکالے جانے والی ریلی ملتوی کر دی گئی
لاہور( کرائم سیل)لاہور پریس کلب اور ایسوسی ایشن آف کرائم رپورٹرز نے سی سی پی او آفس میں کرائم رپورٹروں کے داخلے پر پابندی پر گذشتہ روز پولیس کے خلاف نکالے جانے والی ریلی ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کی یقین دہانی پر چار روز کیلئے ملتوی کر دی ۔ڈاکٹر حیدر اشرف گزشتہ روز لاہور پریس کلب پہنچے جہاں پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، اے سی آر کے صدر اعجاز بٹ اور دیگر نے ان کو تمام صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایس ایس پی ایڈمن رانا شہزاد اکبر کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹایا جائے اور کرائم رپورٹروں کوپولیس کے تمام دفاتر میں جانے سے نہ روکا جائے جس پر ڈی آئی جی اپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے یقین دلایا کہ وہ مطالبہ سی سی پی او لاہور تک پہنچا دیں گے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہو، انہوں نے کہا کہ آپ کے جائز مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔