میرا 10 منٹ کا کام 10 ماہ سے نہیں ہو رہا: سلمان بٹ
لاہور (ویب ڈیسک) آئی سی سی کی طرف سے پابندی کے شکار قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ دس ماہ سے پی سی بی کے چکر لگارہے ہیں لیکن بورڈ ان کا 10 منٹ کا کام بھی نہیں کر رہا۔ سلمان بٹ نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کی ویجیلنس کمیٹی کے ہیڈ کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 ماہ سے پی سی بی کے چکر لگارہے ہیں لیکن ان کی شنوائی نہیں ہورہی۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کی امید بھی ظاہر کی کہ پی سی بی ان کی پابندی کے پانچ سال مکمل ہونے سے پہلے ان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کیا کی اجازت دلوانے کے لئے اقدامات کرے گا۔