پولیس اہلکار اٹھا کر لاہور لے آﺅ! عوامی تحریک کے موبائل پیغامات

پولیس اہلکار اٹھا کر لاہور لے آﺅ! عوامی تحریک کے موبائل پیغامات
پولیس اہلکار اٹھا کر لاہور لے آﺅ! عوامی تحریک کے موبائل پیغامات
کیپشن: Awami Tehreek Logo

  

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنوں نے 10 اگست کے پروگرام کیلئے ساتھیوں کو متحرک کرنے اور گھروں میں گھسنے والے پولیس عملے کو اٹھا کر لاہور ساتھ لے جانے کے حوالے سے موبائل فون پر ایس ایم ایس پیغامات ارسال کرنا شروع کر دئیے۔ سپیشل برانچ راولپنڈی نے کارکنوں کے پیغامات اور تیاریوں کے حوالے سے مفصل رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب، ڈی آئی جی سپیشل برانچ لاہور سمیت کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) زاہد سعید اور آر پی او راولپنڈی اختر عمر حیات لالیکا کو ارسال کردی، جس کی روشنی میں کمشنر راولپنڈی نے ڈی سی او ساجد ظفر ڈال اور سی پی او ہمایوں بشیر تارڑ کو کارروائی کے احکامات جاری کردئیے۔ ذرائع کے مطابق سپیشل برانچ راولپنڈی نے اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ گوجر خان اور دیگر ملحقہ علاقوں میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکن ایک دوسرے کو ”الرٹ نیوز فار پولیس“ کے عنوان سے ایس ایم ایس ارسال کررہے ہیں کہ ”جو پولیس والا آپ کے گھر میں گھسے تم اس کے گھر میں گھس کر اسے اٹھا لو اور اس کو اپنے ساتھ لے کر 10 اگست کو لاہور آجاﺅ، جہاں اس سے فاتحہ خوانی کروائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی کارکنوں کو ہدایات“ ذرائع کے مطابق ڈی سی او، سی سی پی او، آر پی او، ایس ایس پی سپیشل برانچ اور کمشنر راولپنڈی کے پرسنل سیکرٹری کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں ضروری کارروائی عمل میں لائے جائے۔ میڈیا نے اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) زاہد سعید سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ایس پیغامات کے حوالے سے رپورٹ نہیں دیکھی، تاہم یہ کسی صورت ممکن نہیں، اگر کوئی پولیس والوں کو اٹھاتا ہے یا ایسی صورتحال بنتی ہے تو ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔

مزید :

راولپنڈی -