ہماری جدوجہد 18کروڑ عوام کے لئے ہے ،انقلاب کے بعد ہر ظلم کا احتساب ہو گا:طاہر القادری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک کے18کروڑ عوام کے حقوق کے لئے کی جانے والی عظیم جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی ،انقلاب کے بعد قانون کا نظام الگ اور ہر ظلم کا احتساب ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ عوامی تحریک عوام کو حقوق فراہم کرنے کے لئے انقلاب لانا چاہتی ہے اور ہماری کوششیں عوام کی مدد سے ضرور کامیاب ہوں گی،ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ ہم پر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا الزام لگانے والے جمہوریت کی تعریف بتائیں۔عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے انقلاب مارچ ہو نے والا ہے ،لوگوں کو حقوق دینے کے لئے یہ عظیم جدوجہد کر رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں بتائیں کہ اور جمہوریت کسے کہتے ہیں۔حکمران ٹیلی فونک آرڈرز کے ذریعے قتل و غارت کا بازار برپا کرواتے ہیں کیا یہ جمہوریت ہے ،طاہرالقادری نے پولیس کو ہدایت کی کہ پولیس والے ایسے آرڈرز پر تحریری احکامات مانگیں اور چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرنے والے احکامات کو ماننے سے انکار کر دیں۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے ہمارے تعینات کئے گئے پرائیویٹ کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ کو ہٹانے کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور انہیں ہماری حفاظت سے روکنے کے لئے دھمکایا جا رہا ہے۔