پاکستان اور چین میں تجارت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرونگا‘وانگ زی ہووا

پاکستان اور چین میں تجارت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرونگا‘وانگ زی ہووا

کراچی(اکنامک رپورٹر) پاک چائنا کلب پاکستان کے صدر جاوید رشید اصغر آرائیں کی زیر قیادت ایک وفد نے نئے تعینات۔ چینی کمرشل قونصلر وانگ زی ہووا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں پاک چائنا کلب کے سیکریٹری جنرل خالد اقبال خان، پیٹرن ڈاکٹر سلمان اوٹھو، چیف ایڈوائزر ہانگ جن کیانگ ، ممبران مینجنگ کمیٹی محمد امین گازیانی اور طارق خان شامل تھے۔ کلب کے صدر جاوید آرائیں نے نئے کمرشل قونصلر مسٹر وانگ زی ہووا کو ان کی کراچی تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاک چین دیرینہ تعلقات ہیں اور اب پاک چیک اکنامک کوریڈور جیسے عظیم پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد یقینی طورپر دونوں ممالک کے تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات بے حد مضبوط ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا کلب کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے سفارتی، تجارتی، ثقافتی اور دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانا ہے ۔ کلب کے دیگر ارکان نے بھی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا خصوصاً تجارتی شعبہ کی بہتری پر حاصل گفتگوکی گئی ۔ان کو بتایا کہ پاکستان چین کو گوشت کی برآمد دوسرے ممالک کے ذریعہ کرتا ہے اسے براہ راست ہونا چاہیے ۔ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں چین ہمارے ساتھ فراخدلانہ تعاون کرے۔پاور جنریشن،ٹیکسٹائل، میڈیسن کے شعبہ میں بھی تعاون کرسکتا ہے ۔چینی کمرشل قونصلر مسٹر وانگ زی ہووا نے یقین دلایا کہ وہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور چینی تاجروں کے جو وفود آئیں گے ان سے پاکستانی تاجروں کی ملاقاتوں کیلئے بھی بھرپور تعاون کریں گے اور پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید : کامرس