3ہفتے گزر گئے ، انسپکٹر اعجاز رشید کے قتل کا معمہ حل نہ ہو سکا ، مقتول کے بھائیوں کو دھمکیاں ، آبائی گھر پر فائرنگ

3ہفتے گزر گئے ، انسپکٹر اعجاز رشید کے قتل کا معمہ حل نہ ہو سکا ، مقتول کے ...

لاہور(کرائم سیل) چند ہفتوں قبل قتل ہونے والے انسپکٹر اعجاز رشید کے قتل کا معمہ تاحال حل نہ ہو سکا۔مقدمہ کی پیروی کرنے والے بھائی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،پولیس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار۔نمائندہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے بھائی امتیاز رشید اور اعزاز قریشی نے بتایا کہ انہوں نے قتل کا مقدمہ مقتول کی بیوی مائرہ اور اس کے رشتہ داروں پر کروایا تھا لیکن پولیس کی جانب سے ان افراد کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور وہ سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کی جانب سے ان کو لگاتار دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، 5اگست کی رات کو اعجاز رشید کے آبائی گھر کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور گلی میں کھڑے ہو کر ان کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے رہے ۔اس واقعہ کی ہم نے 15پر اطلاع کے علاوہ تھانہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست بھی دی ہے لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کر لی ہے، اس لیے پولیس حکام واقعہ کا نوٹس لیکر انہیں انصاف فراہم کریں۔ اس حوالے سے تھانہ سمن آباد میں رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ واقعہ پر پولیس گئی تھی ،درخواست ہمارے پاس موجود تھی اور تفتیش کی جا رہی ہے۔

مزید : علاقائی