سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کیخلاف وکلاء اور سول سوسائٹی کا احتجاج

سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کیخلاف وکلاء اور سول سوسائٹی کا احتجاج

لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور کے جی پی او چوک میں وکلاء اور سول سوسائٹی نے پاکستان پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری اور آبی جارحیت کے خلاف سخت گرمی میں زبر دست مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں ممتاز وکلاء رہنما ،سول سوسائٹی کے نمائندے اورشہری شریک ہوئے۔ اس موقع پربھارت کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی گئی اور بھارت سے تمام تعلقات ختم کر کے سرحدی اور آبی د ہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرہ کا اہتمام وکلاء تنظیموں الاُمہ لائرز فورم ، حرمت رسولؐ لائرز موومنٹ اور تحریک آزادئ کشمیرنے کیا تھا۔ مظاہرہ سے وکلا ء رہنماؤں جمیل فیضی،راؤ طاہر شکیل ،میاں اشرف عاصمی،چوہدری عبدالرؤف ،نعمان یحییٰ اور تحریک آزادئ کشمیر کے مرکزی رہنماعلی عمران شاہین،ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے ناظم اعلیٰ علامہ ممتاز اعوان، ڈاکٹر شاہد نصیر ،بابا رمضان جمیل ودیگرنے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ بھارت نے عید سے پہلے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر گولہ باری کر کے 10پاکستانیوں کو شہید، ہزاروں کو بے گھر کر کے ان سے عید کی خوشیاں چھین لیں۔پاک فوج بھارت کے خلاف بھی بڑاآپریشن ضرب عضب شروع کرے ۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارت سے یکطرفہ دوستی کی بجائے اس کی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات کرے اور مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددوحمایت کی جائے۔

سوسائٹی احتجاج

مزید : علاقائی