غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 1.912ارب ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک بھیجے: سٹیٹ بینک

غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 1.912ارب ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک بھیجے: سٹیٹ بینک

  

لاہور(کامرس رپورٹر )گزشتہ مالی سال 2015-16 ء کے دوران غیر ملکی کمپنیوں/ سرمایہ کاروں کی جانب سے اپنے ممالک کو بھیجے گئے منافع جات کی شرح میں 16.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے 1.912 ارب ڈالر کے منافع جات اپنے اپنے ممالک کو بھیجے گئے ہیں جبکہ مالی سال 2014-15ء کے دوران غیرملکی کمپنیوں/ سرمایہ کاروں کی جانب سے 1.637 ارب ڈالر کے منافع جات منتقل کئے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2016 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 96.1 ملین ڈالر کے منافع جات کی اپنے ممالک کو منتقلی کی ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی/ غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر پرکشش منافع حاصل ہوا رہا ہے اور گزشتہ مالی سال کے دوران منافع جات کی منتقلی میں اضافہ اس کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری سے مقامی وغیر مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ چند سال کے دوران ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔ یہ وجہ ہے کہ بہتر کاروباری ماحول کے نتیجے میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے ممالک کو منتقل کئے گئے منافع جات کی شرح میں 16 فیصد سے زائد کا خوشگوار اضافہ ہوا ہے

مزید :

کامرس -