بڑے صنعتی اداروں کی مجموعی شرح ترقی 5.69فیصد تک بڑھ گئی ، وفاقی ادارہ شماریات

بڑے صنعتی اداروں کی مجموعی شرح ترقی 5.69فیصد تک بڑھ گئی ، وفاقی ادارہ شماریات

  

اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران الیکٹرانکس انڈسٹری کی شرح نمو میں 16.18 فیصد اضافہ ہوا ہے ، بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ (ایل ایس ایم) کی مجموعی شرح ترقی 5.69 فیصد تک بڑھ گئی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال میں پہلے گیارہ ماہ کے دوران جولائی تا مئی 2016-17ء میں ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو کے اضافہ میں الیکٹرانکس انڈسٹری سمیت آئرن اینڈ سٹیل اور آٹو موبائیلز کی صنعت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایل ایس ایم کے شعبہ میں آئرن اینڈ سٹیل اور آٹو موبائیلز کی انڈسٹریز کا حصہ 2فیصد کے قریب ہے۔ رپورٹ کے مطابق الیکٹرانکس کی صنعت کی مجموعی شرح ترقی میں ڈیپ فریزرز کی پیداوار میں ہونے والے 28 فیصد کے اضافہ نے اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ریفریجیریٹرز کی پیداوار میں 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مئی کے دوران ایئر کنڈیشنرز کی پیداوار میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ایل ایس ایم کے شعبہ کی مجموعی شرح نمو میں اضافہ ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ جبکہ الیکٹرانکس کی صنعت کی کارکردگی میں ہونے والا اضافہ ملک میں توانائی کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری اور توانائی بحران کے خاتمہ کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید :

کامرس -