وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرجنرل ہسپتال میں طبی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے،غیاث النبی طیب

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرجنرل ہسپتال میں طبی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا رہا ...

  

لاہور( جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر کے ہمراہ اتوار کے روز ہسپتال کے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈوں کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق جنرل ہسپتال کے ہر شعبے میں معمول کی طبی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے ہفتہ کے روز شعبہ بیرونی مریضاں میں3ہزار کے لگ بھگ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی گئی ہیں اسی طرح (آج) سوموار کو آؤٹ ڈور سمیت ہسپتال کے تمام شعبے اپنا معمول کا کام کریں گے پرنسپل پی جی ایم آئی نے مریضوں کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی اور ان کے علاج معالجے کا مکمل خیال رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور اس کا مریضوں کو ہر حال میں بلاواسطہ فائدہ پہنچنا چاہیے اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صابر نے بتایا کہ پرنسپل کی ہدایات کے مطابق ٹیچنگ سٹاف اور تمام انتظامی ڈاکٹرز بھی مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں اور ان کی مختلف شعبوں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جس سے انشاء اللہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئے گی انہوں نے بتایا کہ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف 24گھنٹے ہسپتال میں ڈیوٹیوں پر موجودہیں اور ہر وارڈ میں باقاعدہ کام ہو رہا ہے اس موقع پر مریضوں نے دی جانے والی سہولتوں پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب اور ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -