جدیجہ کی آل راؤنڈر کارکردگی ، بھارت کی سری لنکا کو اننگز اور 53رنز سے شکست

جدیجہ کی آل راؤنڈر کارکردگی ، بھارت کی سری لنکا کو اننگز اور 53رنز سے شکست

  

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے کولمبو ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو اننگز اور53 رنز کی بدترین شکست سے دوچار کر کے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2۔0 سے اپنے نام کر لی ہے۔ رویندرا جدیجہ نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ناقابل شکست 70 رنز بنائے اور دونوں اننگز میں کل 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ چتیشور پجارا نے سب سے زیادہ 133 اور اجنکیا ریحانے 132 رنز بنائے جبکہ رویندرا جدیجہ نے بھی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں شیکھر دھون نے 35، کے ایل راہول نے 57، ویرات کوہلی نے 13، روی چندرن ایشوین نے 54، وردھیومن ساہا نے 67، ہردیک پانڈیا نے 20، محمد شامی نے 19 اور اومیش یادیو نے 8 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے رنگانا ہیراتھ سب سے زیادہ کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 154 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ملندا پشپا کمارا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دیموتھ کرونارتنے اور دلرووان پریرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا بیٹنگ لائن بھارتی رنز کے پہاڑ تلے دب کر رہ گئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 183 رنز ہی بنا سکی اور یوں اسے فالوآن کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے فالوآن کرانے کا فیصلہ کیا تو اس کے با?لرز نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں بھی 386 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کی دوسری اننگز میں دیموتھ کرونا رتنے نے 141 اور کوشل مینڈس نے 110 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو بدترین شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر بلے بازوں میں کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجہ اورایشوین نے مجموعی طور پر 7,7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر رویندرا جدیجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت نے گالے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 304 رنز سے شکست دی تھی اور آج کے میچ میں اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2۔0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 12 اگست سے 16 اگست تک پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -