کیبل کی تکنیکی خرابی دور ، انٹر نیٹ سروس بحال ہو گئی :پی ٹی سی ایل
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک میں 38 گھنٹے بعد انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ، سعودی عرب کے شہر جدہ میں آنیوالا کیبل فالٹ دور کرلیا گیا ہے،اس بارے میں پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا۔ پی ٹی سی ایل کے جی ایم عمران جنجوعہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا پاکستان میں انٹرنیٹ سروس بتدریج بحال ہورہی ہے، آج مکمل طور پر بحال کردی جائے گی، انٹرنیٹ کے تعطل سے مختلف ایئرپورٹس پر تقریباً دو درجن پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔جی ایم پی ٹی سی ایل کا مزید کہنا تھا سعودی عرب کے قریب زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کی وجہ سے ملک میں انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئی تھی جو اب خرابی دور کرنے کے باعث معمول پر آرہی ہے ،واضح رہے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پاکستان میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیوالی بین الاقوامی زیرآب کیبل آئی ایم ای۔ڈبلیو ای میں خرابی کے باعث ملک میں تھری جی اور فور جی سمیت انٹرنیٹ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے ملک کے کئی ہوائی اڈوں پر پروازیں متاثر ہوئیں ۔ بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن ہونے سے 8 قومی اور بین الاقوامی پروازیں ،اسلام آباد سے دبئی جانیوالی نجی پرواز پی اے 210 اور مانچسٹر جانیوالی قومی پرواز 701 بھی منسوخ ہوگئیں۔
پی ٹی سی ایل