شالیمار ، شوہر روٹھی بیوی کو منانے میکے گیا ، برادران نسبتی نے زہر پلا کر جان لے لی

شالیمار ، شوہر روٹھی بیوی کو منانے میکے گیا ، برادران نسبتی نے زہر پلا کر جان ...

  

لاہور ( خبرنگار) شالیمار کے علاقے میں روٹھ کر میکے جانے والی بیوی کو منانے کے لئے جانے والے بہنوئی کو تین سالوں نے مبینہ طور پر زہریلا مشروب پلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ محمود بوٹی بند روڈ کے رہائشی ماجد احمد کی چند سال قبل شالیمار کے علاقے لال شاہ روڈ کی رہائشی خاتون (س)سے ہوئی تھی جس سے اس کے دو بچے ہیں ۔ شالیمار تھانہ کی پولیس کے مطابق ماجد کا اپنی بیوی سے اکثر گھریلو معاملات پر لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس کی بنا پر اکثر اس کی بیوی روٹھ کر میکے چلی جاتی تھی اس کو شوہر اپنی بیوی کو منا کر گھر لے آتا تھا چند روز قبل بھی دونوں میاں بیوی میں گھریلو معاملات پر لڑائی جھگڑا ہو گیا جس پر اس کی بیوی روٹھ کر اپنے میکے چلی گئی ۔ گزشتہ روز ماجد اپنی بیوی کو منانے کے لئے میکے گیا جہاں پر اس کی بیوی نے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔ جس پر وہ واپس گھر آگیا راستے میں اس کی طبعیت خراب ہو گئی اور وہ االٹایاں کرنے لگا جس پر اس کے گھر والے اس کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لے گئے ۔ماجد نے ا پنے گھر والوں کو بتایا کہ اس کو سالوں آصف ، فاروق اور فہد نے زہریلا مشروب پلایا ہے جس سے اس کی حالت خراب ہوئی ہے ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی ماجد دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ منتقل کرکے مقتول کے والد کی مدعیت میں تین سالوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مزید :

علاقائی -