ریاست عناصر کی سازشیں جاری مگر حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی : مسلم لیگ (ن)

ریاست عناصر کی سازشیں جاری مگر حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی : مسلم لیگ (ن)

  

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان اوروزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصر کی سازشیں جاری ہیں مگر حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے گی،میاں نوازشریف کی نااہلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایپکس کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کرے گی۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مشکل ترین حالات کے باوجود عوام کی خدمت کیلئے اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے مگر کچھ ریاست مخالف عناصر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور عوام ان سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تحفظات کے باوجود سپریم کورٹ کے فیصلے کو قانون کی بالادستی کیلئے تسلیم کیا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بھی ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ محمد نواز شریف نے سی پیک منصوبہ کو مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف جی ٹی روڈ کے ذریعے عوام میں جا رہے ہیں جن کا گرمجوشی سے استقبال کیا جائے گا۔ طلال چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان تحفظات کے باوجود جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا اور ان سے مکمل تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایپکس کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کرے گی۔

مزید :

صفحہ اول -