حکومت سندھ کے فور منصوبہ بحریہ ٹاؤن کیلئے بنا رہی ہے :حسین عبداللہ ہارون

حکومت سندھ کے فور منصوبہ بحریہ ٹاؤن کیلئے بنا رہی ہے :حسین عبداللہ ہارون

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور معروف سیاستدان حسین عبداللہ ہارون نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے لیاری اور کیماڑی کی تعمیر و ترقی اور شہر یوں کے مسائل کے حل کے لیے خود اس کے نمائندہ ہونے کے دعویداروں نے اون نہیں کیا ہے ،پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم ہو رہی ہے، شہریوں کی صحت سے کھیلا جارہا ہے،سندھ حکومت K فور منصوبہ بحریہ ٹاؤن کیلئے بنارہی ہے ۔بلکہ یہ سمجھ لیں کہ وہاں پانی کی کمی کی صورت میں لیاری اور کیماڑی کا پانی ان کو دیا جائے گا۔لیاری اور کیماڑی کیلئے نئی اسکیمیں بنائی گئی ہیں لیکن کچرا ویسے کا ویسا ہی رہتاہے ۔ہم لیاری اور کیماڑی سمیت اس شہر کو اون کرناچاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کے حالات تبدیل ہوں اور مسائل حل ہوں۔لیاری اور کیماڑی میں تمام بنیادی سہولتیں تمام طبقات کو ملیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزمنعقدہ تقریب یتیم خانہ کھڈہ میں لیاری اورکیماڑی کے سیاسی سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی شفیع جاموٹ ‘ جمشید احمد خان ‘رئیس سرور‘ اختر کچھی ‘ دلاور شاہ ‘ ابراہیم گل ‘ حاجی عبدالمجید ‘ شکور شاد ‘ باسط عزیز ‘ غلام رسول رحمانی‘ منصور بٹ ‘ رضامحمد بلوچ ودیگر سیکڑوں عمائدین لیاری نے شرکت کی ۔حسین عبداللہ ہارون کا مزید کہنا تھا کہ لیاری اور کیماڑی کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے ، اور جن لوگوں نے یہاں کی نمائندگی کا دعویٰ کیا انہوں نے عوام سے ووٹ لیے اورلیاری کیماڑی کے مسائل پر سیاست تو کی لیکن عوا م کے لیے کچھ نہیں کیا۔آج لیاری اور کیماڑی کے عوام جن مسائل کا شکار ہیں اس سے یہ خو د کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے۔لیاری اور کیماڑی کی عوام کو اپنے دوست اور دشمن کو سمجھنا ہوگا اور نفرت اور محبت کرنے والوں میں فرق کرنا ہوگا۔ لیاری اور کیماڑی میں سڑکوں ، ٹرانسپورٹ اور سیوریج کا نظام تباہ حال ہے۔ عوام پانی اور بجلی کے سنگین بحران کا شکار ہیں۔ کے الیکٹرک سے لیاری اور کیماڑی کا ہر شہری نالاں ہے،ان علاقوں میں بجلی کے شارٹ فال کاکوئی مسئلہ نہیں ، لوڈ شیڈنگ صفر ہوسکتی ہے اگر کے الیکٹرک اپنے تمام پاور پلانٹ فعا ل کردے۔جبکہ اوور بلنگ اور لوٹ مار بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آخر میں مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک سرحاجی عبداللہ ہارون کے پوتے حسین عبداللہ ہارون کو ہمیشہ سلامت رکھے۔ اور ہم سب کو مل جل کرحسین عبداللہ ہارون کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔ کیونکہحسین عبداللہ ہارون ہی وہ واحد امید ہیں جولیاری کیماڑی اور پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ کیونکہ ان کا اور ان کے خاندان کادامن کرپشن سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسین عبداللہ ہارون کو مضبوط اور فعال بنانے میں ہم سب مل جل کر کام کریں گے۔