پارا چنار میں پاک فوج کے تعاون سے صفائی مہم کا آغاز

پارا چنار میں پاک فوج کے تعاون سے صفائی مہم کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پارا چنار (نمائندہ پاکستان) پاک فوج اور عوام پاراچنار شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا. اس سلسلے میں شلوزان ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں قبائلی عمائدین اور مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم نے کہا کہ پاراچنار کی خوبصورتی کو دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ حقیقت ہے کہ قدرت نے پاراچنار کو بے مثال خوبصورتی بخشی ہے. ہمارا فرض ہے کہ اس خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لیے ہم پاراچنار کو صاف ستھرا رکھے. اور پاراچنار کے صفائی مہم میں پاک فوج کے ساتھ عوام مل کر اس عمل کو آگے بڑھائیں گے. انہوں نے عوام خصوصاً تاجر برادری کی توجہ شہر کی صفائی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ دکاندار گندگی سڑکوں اور نالوں میں پھینکنے کی بجائے شاپروں میں جمع کریں بعد میں صفائی عملہ یہ گند ان کے دکانوں کے سامنے سے اٹھا کر لے جائے گا. انہوں نے کہا کہ پاراچنار شہر میں پانی کی کمی کا مسئلہ سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں. اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے. اور پاراچنار شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے عوام اپنا کردار ادا کریں اور بے جا کچرہ پھینکنے سے گریز کریں. تقریب کے بعد شہر میں باقاعدہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا جس میں پولیٹیکل انتظامیہ، پاک آرمی کے آفسران، قبائلی عمائدین اور سکولوں کے بچوں اور مختلف سماجی تنظیموں نے بھی حصہ لیا. صفائی مہم کا سلسلہ پورے ہفتے جاری رہے گا. اس موقع پر اپنے بات چیت میں عمائدین کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ہر محاذ پر فورسز کا ساتھ دیتے رہے گے. سکول کے بچوں کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہو رہی ہے کہ فورسز کے ساتھ مل کر اپنے شہر کو صاف ستھرا بنا رہے ہیں اس موقع پر پولیٹیکل ایجنٹ کرم بصیر خان وزیر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر کرم اکبر افتخار اور میونسپل کمیٹی کے چیف تنزیل حسین بھی موجود تھے۔