پاسداران انقلاب کی خلیج میں بحری جنگی مشقیں

پاسداران انقلاب کی خلیج میں بحری جنگی مشقیں

واشنگٹن/تہران(این این آئی)سپاہِ پاسداران انقلاب ایران نے گذشتہ چند روز کے دوران میں خلیج میں جنگی بحری مشقیں کرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد دشمن سے ممکنہ محاذ آرائی کی صورت میں حربی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا ۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کا مقصد بین الاقوامی آبی گذرگاہ پر کنٹرول اور اس کا تحفظ ہے ۔ یہ پاسداران کی سالانہ فوجی مشقوں کے پروگرام کے تحت کی گئی ہیں۔سپاہِ پاسدارا ن انقلاب ایران کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے فوجی مشقوں کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انھوں نے حربی تیاریوں کو بڑھانے ، خلیج اور آبنائے ہْرمز کی سکیورٹی اور دشمن کی کسی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایک امریکی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران کی سمندر میں ان جنگی مشقوں میں ایک سو سے زیادہ بحری جہازوں نے حصہ لیا ہے۔ان میں چھوٹی جنگی کشتیاں بھی شامل تھیں۔ان مشقوں کا مقصد امریکا کو ایک پیغام دینا تھا۔امریکا ایران کے خلاف اقتصادی اور سفارتی دباؤ تو بڑھا رہا ہے لیکن ابھی تک اس نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ وہ ایران اور اس کی گماشتہ تنظیموں کی خطے میں سرگرمیوں کو روکنے کے لیے فوجی طاقت بھی استعمال کرسکتا ہے۔

مزید : عالمی منظر