کاجول کا سالگرہ پر مداحوں کواپنی فلم کے ٹریلر کا تحفہ

کاجول کا سالگرہ پر مداحوں کواپنی فلم کے ٹریلر کا تحفہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے 44 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے لیے بطور تحفہ اپنی نئی فلم کا ٹریلر جاری کردیا۔25 سال سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی اداکارہ کاجول نے فنی کیریئر میں کئی بے شمار بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’عشق‘ سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ ان کی دل موہ لینے والی اداکاری کی وجہ سے کاجول کے چاہنے والے آج بھی انہیں اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین رہتے ہیں۔اداکارہ کاجول نے مداحوں کی محبت کے مدنظر اپنی 44 ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے اپنی نئی فلم ’ہیلی کاپٹر ایلا‘ کا ٹریلر جاری کرکے سب کو حیران کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کاجول نے ٹوئٹر پر اپنے شوہر اجے دیوگن کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’ہیلی کاپٹر ایلا‘‘ کا ٹریلر جاری کیا ہے جس میں وہ پہلی بار ایک گلوکارہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔ فلم میں کاجول ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ اپنے بیٹے کی ہی درس گاہ میں 22 سال بعد تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیتی ہیں۔فلم ’’ہیلی کاپٹرایلا‘‘ میں ماں اور بیٹے کے رشتے اور والدین اور بچوں کے درمیان خلا کو دور کرنے کا معاملہ اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس میں نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار ردھی سین کاجول کے بیٹے ویوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ نیہا دھوپیا بھی شادی کے بعد اس فلم میں نظر آئیں گی جو7 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید :

کلچر -