ہارون رشید 3سیٹوں پرکام کرینگے : نجم سیٹھی

ہارون رشید 3سیٹوں پرکام کرینگے : نجم سیٹھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ ہارون رشید کا تبادلہ کراچی کردیا گیا ہے لیکن وہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تھری ان ون ہوں گے۔ بورڈ نے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے کراچی تبادلہ کرکے انہیں مکمل طور پر نیشنل اسٹیڈیم کا انچارج بنادیا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون رشید کراچی آکر سائیڈ لائن ہوگئے ہیں لیکن ان کی قابلیت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجم سیٹھی نے انہیں مزید با اختیار بنا دیا ہے۔وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا چارج بھی سنبھالیں گے اور نیشنل اسٹیڈیم کے تمام معاملات کو بھی کنٹرول کریں گے۔ اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان کئی سالوں سے کامیابی سے تمام معاملات چلا رہے تھے اب وہ بھی ہارون رشید کو رپورٹ کریں گے۔ہارون رشید کراچی میں بیٹھ کر ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر کو نہیں بلکہ چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو رپورٹ کریں گے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے سابق ٹیسٹ اسپنر اور کراچی ہائی پر فارمنس سینٹر کے سابق ڈائریکٹر اقبال قاسم بھی کراچی میں کام کے دوران اختیارات مانگ رہے تھے لیکن اس وقت انہیں ہائی پرفارمنس سینٹر تک محدود کردیا گیا تھا جبکہ اسٹیڈیم کے تمام اختیارات ارشد خان کے پاس تھے۔

پی سی بی حکام کے رویے سے دلبرداشتہ اقبال قاسم کو اپنے عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے ہائی پرفارمنس میں ڈائریکٹر ساوتھ کی نئی پوسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی کی علاقائی کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر ساوتھ کی حیثیت سے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہارون رشید ماضی میں پی سی بی میں ڈائریکٹر گیم اینڈ ڈیولپمنٹ سمیت کئی عہدوں پر کام کر چکے ہیں اور یہ عہدہ ملنے کے بعد وہ دوبارہ اپنے آبائی شہر کراچی آجائیں گے۔