جلد فٹنس مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر لوں گا، اینڈی مرے

جلد فٹنس مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر لوں گا، اینڈی مرے

لندن(آئی این پی)سٹار برطانوی کھلاڑی، اولمپک چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد فٹنس مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرکے ٹینس کورٹس میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اینڈی مرے فٹنس مسائل کے باعث سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل اور آئندہ ہفتے شیڈول راجرز کپ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔سٹی اوپن پری کوارٹر فائنل میں رومانوی کھلاڑی ماریس کوپل کے خلاف فتح کے بعد مرے کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ماہ بعد ہارڈ کورٹس پر کھیلنے کی وجہ سے تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ میں بہت کمزوری محسوس کر رہا ہوں، اس لئے میں نے کوارٹر فائنل اور آئندہ ہفتے شیڈول راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ مجھے بہت احتیاط کی ضرورت ہے، اس لئے اب میری تمام تر توجہ سنسناٹی ماسٹرز ٹورنامنٹ پر مرکوز ہے اور سو فیصد فٹ ہونے کی صورت میں ہی ایونٹ میں حصہ لوں گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی