کینگروز اور کیویزکو فخر زما ن نے نشانے پررکھ لیا

کینگروز اور کیویزکو فخر زما ن نے نشانے پررکھ لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی اوپنر فخر زمان نے آسٹریلیاا ور نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز پر نگاہیں جما لیں۔ گزشتہ روز انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ریکارڈز بنانے کیلئے نہیں کھیلتے بلکہ ان کا مقصد گرین شرٹس کو کامیابی دلانا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ دورہ زمبابوے کی پرفارمنس پر خوش ہیں کیونکہ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ون ڈے میچوں میں اچھی کارکردگی قومی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوئی۔ ان کا اہم ہدف ملک کیلئے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنا اور خود کو پانچ روزہ کرکٹ کا اہل ثابت کرنا ہے۔ فخر زمان کے مطابق ون ڈے فارمیٹ ان کا پسندیدہ ہے لیکن سب کہہ رہے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلنا چاہئے۔ آئی سی سی رینکنگ میں بائیس درجے ترقی پر ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ دورہ زمبابوے میں ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھا سکے کیونکہ وہاں پر بہت زیادہ سردی تھی اور کھیلنا آسان نہیں رہا۔ ایک سوال پر فخر زمان نے بتایا کہ جب وہ ڈبل سنچری کے قریب تھے تو ان کے ذہن میں سعید انور کا ریکارڈ بالکل بھی نہیں تھا کیونکہ اس وقت توجہ دو سو رنز مکمل کرنے پر تھی کیونکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے یہ خواہش ظاہر کی تھی۔

ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ میں بھی اچھی پرفارمنس کیلئے پر امید ہیں جبکہ آصف علی قومی ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی