انٹر ریجنل انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ، چوتھا مرحلہ آج شروع ہوگا

انٹر ریجنل انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ، چوتھا مرحلہ آج شروع ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قومی انٹر ریجنل انڈر۔19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے مرحلے کا آغاز (آج ) منگل سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق گروپ اے کے میچوں میں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد میں فاٹا کا مقابلہ اسلام آباد سے ہوگا۔ مرغزار گراؤنڈ، اسلام آباد میں کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ کے آر ایل گراؤنڈ میں کراچی وائٹس اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ پنڈی سٹیڈیم میں لاہور وائٹس اور راولپنڈی کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا، گروپ بی کے میچوں میں یوبی ایل گراؤنڈ کراچی میں پشاور اور حیدر آباد کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ایبٹ آباد کا مقابلہ بہاولپور سے ہوگا۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ میں لاہور بلیو اور لاڑکانہ کی ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا جبکہ این بی پی گراؤنڈ میں کراچی بلیو اور ملتان کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 18 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں فاٹا، کراچی وائٹس، فیصل آباد، لاہور وائٹس ،آزاد جموں و کشمیر ، اسلام آباد، ڈیرہ مراد جمالی ، کوئٹہ اور راولپنڈی کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں کراچی بلیو ، سیالکوٹ ، لاہور بلیو، ملتان، بہاولپور، حیدرآباد، لاڑکانہ، پشاور اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 26 اگست کو جبکہ فائنل میچ 28 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی