قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلرعاقب جاوید کی 46ویں سالگرہ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلرعاقب جاوید کی 46ویں سالگرہ

مریدکے(نامہ نگار)پاکستان کی طرف سے 22ٹیسٹ اور 163ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ میچ کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور کوچ عاقب جاوید نے طیارے میں سفر کے دوران نانگا پربت کی چوٹی سے گزرتے ہوئے اپنی46سالگرہ منائی جس میں قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق،شعیب اختر، یاسر شاہ سمیت دیگر کرکٹر بھی موجود تھے۔ سابق فاسٹ باؤلر ان دنوں لاہور قلندرز کیساتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلہ میں گلگت میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز گلگت روانگی کے دوران قومی ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں، لاہور قلندر کے کوچز کی ٹیم نے فرنچائز کے مالک رانا فواد کے ہمراہ کئی ہزار فٹ کی بلندی پر عاقب جاوید کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عاقب جاوید 5اگست 1972کو شیخوپورہ میں پیدا ہوئے اور 10دسمبر1988کو اوول کے میدان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے ایک روزہ میچ کا آغاز کیا جبکہ10فروری1989کو نیوزی لینڈ کے خلاف ولنگڈن میں ٹیسٹ میچ کھیل کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ گلگت پہنچ کر کوچز اور انتظامیہ کے افراد نے ہوٹل میں آرام کیا اور پیر کے روز سٹیڈیم میں سیکڑوں کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے ذریعے جانچ کر ابتدائی سلیکشن کا مرحلہ مکمل کیا۔ لاہور قلندرز کی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم آزاد کشمیر، مردان سمیت کے پی کے کے دیگر علاقوں میں بھی ٹرائلز کا سلسلہ منعقد کرے گی جس کے بعد راولپنڈی کے ذریعے شمالی پنجاب کا رخ کیا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی