پی ٹی سی ایل کا ٹین ایجرز کے لئے فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

پی ٹی سی ایل کا ٹین ایجرز کے لئے فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ملازمین کے بچوں کے درمیانملک گیر دلچسپ ’’پی ٹی سی ایل ٹینز فٹ بال ٹورنامنٹ‘‘ سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں 16 سے 19 سال تک کی عمر کے بچوں نے حصہ لیا۔ پانچ روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل اور فائنل کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد پی ٹی سی ایل فیملیز کے درمیان صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔ نوجوانوں کی زندگیوں میں صحت مندطرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی سی ایل کی جانب سے یہ موقع فراہم کیا گیا۔ کمپنی اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی زندگیوں میں بہتری لانے کے عزم پر قائم ہے ۔پاکستان میں فٹ با ل کی مقبولیت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی سی ایل ملازمین کی بہت بڑی تعداد نے ان مقابلوں میں دلچسپی لی ۔ ٹورنامنٹ میں 3 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں ہیڈکوارٹرز،اسلام آباد ٹیلی کام ریجن (آئی ٹی آر) اور راولپنڈی ٹیلی کام ریجن ( آر ٹی آر) شامل ہیں۔ ان میں سے ہر ٹیم 16 کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ وہ نوجوان کھلاڑی (ٹین ایجرز) جو کسی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر موقع فراہم کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کا انعقاد بچوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران کیا گیاتاکہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر وہ اپنے تعلیمی اداروں میں واپسی کر سکیں۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مظہر حسین ، چیف ہیومن ریسورس آفیسر، پی ٹی سی ایل، نے کہا کہ ’’میں ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم راولپنڈی ٹیلی کام ریجن اور اس کے کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں ان تمام کھلاڑیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے نہ صرف اس ٹورنامنٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

بلکہ اس کی شرکت کے دوران بہترین سپورٹس مین سپرٹ کا بھی مظاہرہ کیا ،کیونکہ سپورٹس مین سپرٹ ہی ہمیں ٹیم ورک اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا سکھاتی ہے۔ پی ٹی سی ایل کا یہ خاصہ ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے شاندار ماحول فراہم کرتی ہے۔ یہ سرگرمیاں ہمارے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو نہ صرف قریب لانے کا ذریعہ بنیں گی بلکہ ان کے درمیان صحت مندانہ سپورٹس کلچر کی حوصلہ افزائی کا بھی باعث بنیں گی‘‘۔پی ٹی سی ایل اپنی کمیونٹیز میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے یہی وجہ ہے کہ یہ اپنے سٹاف کیلئے جرأت و ہمت میں اضافے کا ذریعہ ہے۔ پی ٹی سی ایل اپنے ملازمین اور ان کے بچوں سے توقع کرتی ہے کہ وہ اپنی جسمانی صحت کے فروغ اور صحت مندانہ لائف سٹائل کے لئے کمپنی کی طرف سے منعقد کی گئی مختلف سپورٹس سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔پی ٹی سی ایل کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ اپنے ادارے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پیش پیش رہا ہے۔ اس سال کے شروع میں ایک میگا سپورٹس گالا کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں کمپنی کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی