نا اہل کشمیر کمیٹی نے کشمیر کاز سے غداری کی،آفتاب لودھی

نا اہل کشمیر کمیٹی نے کشمیر کاز سے غداری کی،آفتاب لودھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) چیئرمین پاکستان عوامی تحریکِ انقلا ب وکنوینر کشمیر بنے گا پاکستان انٹرنیشنل فریڈم موومنٹ پروفیسرآفتاب لودھی نے کشمیر کی صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ غیروں سے کیا توقع کریں کشمیر کازکیلئے ہماری حکومتیں بھی کچھ نہ کر سکیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں اور کوئی عالمی ادارہ ان کی داد رسی نہیں کرتا یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ قوتیں جو بھارت پر اثرانداز ہو سکتیں ہیں وہ مفادات اور اغراض کی اسیر ہیں،انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی،جبر و تشدد اور ایک پوری قوم کو اس کی مرضی کیخلاف طاقت کے بل بوتیپر غلام بنائے جانے اور ان کا خون بہائے جانے کی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ نا اہل کشمیر کمیٹی نے کشمیر کاز سے غداری کی، اس کامحاسبہ کیا جانا چاہئیے اور ہماری نا کام سفارتکاری نے دنیا بھر میں کشمیر کاز کو پسِ پشت ڈال دیا۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی فوج کی گولیاں کھا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہیں اور شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں دفنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی راہ دیکھتے ان کی آنکھیں پتھرا چکی ہیں،لازم ہے کہ نئی حکومت ہر روز کشمیری مجاہدین کے حق میں بیان جاری کرے ،دنیا بھر میں بھارتی دہشتگردی کیخلاف سفارتی جنگ کا آغاز کرے اور فضول ڈراموں کی بجائے روزانہ ہر چینل پر بھارتی دہشتگردی کے پروگرام نشر کرے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکوں سے کیا توقع، ہماری نا کام سفارتکاری 56 مسلم ممالک کی ہمدردیاں بھی حاصل نہ کر سکی۔ پروفیسرآفتاب لودھی نے کہا کہ کشمیر کمیٹی کی قیادت سیاسی رشوت کے طور پر نہیں بلکہ اہل شخص کو دی جائے،نئی حکومت کشمیر کاز کی ترجمانی کرے اور اس موضوع سے غفلت نئی حکومت کو پرانی حکومتوں کی صف میں کھڑا کر دے گی اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کاز کے چارٹر پر عمل کرے۔