ملک کو اقتصادی بحر ا ن سے نکالنا نئی حکومت کی ترجیح ، جہانگیر ترین
لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے پی ٹی آئی حکومت بنانے کے بعد ملک کو موجودہ اقتصادی بحر ا ن سے نکالنے کیلئے غیرمعمولی اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔ وہ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو بنی گالہ میں ان سے ملاقات کی، جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا نئی منتخب حکومت سب سے پہلے بیل آوٹ پیکج کی جانب جائے گی جس کے بعد معیشت میں مسابقت کی بحالی پر توجہ دی جائے گی، اس مقصد کیلئے 20 سے 25 سال درکار ہیں جبکہ ہنر مند افر ا دی قوت اور تعلیم یافتہ لوگوں کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا تمام خود مختار اور نیم مختار اداروں کے موجودہ بورڈ آف ڈا ئر یکٹرز کی تشکیل نو کی جائے گی۔ جہانگیر ترین نے مقامی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کیلئے پاکستان فرنیچر کونسل کے کردار کو سراہا اور فرنیچر کے شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں فرنیچر کے شعبہ کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی، اگر مقامی مینوفیکچررز کو مطلوبہ تعاون اور بین الاقوامی مارکیٹ میں رسائی میں مدد دی جائے تو یہ صنعت ملکی معیشت میں کردار ادا کر سکے گی۔
جہانگیر ترین