پی ٹی آئی آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کررہی ہے، ملک احمد خان

پی ٹی آئی آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کررہی ہے، ملک احمد خان

لاہور( سٹی رپورٹر )مسلم لیگ (ن) کے رہنما ، سابق ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں (ن) لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب میں جو بھی کردار ادا کرنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی نے کرنا ہے،پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کر کے وزیر اورمشیر بنانے کا جھانسہ دیاجارہاہے ۔ ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ ابھی کچھ حلقوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوئے جبکہ (ن) لیگ آزاد امیدواروں کے ساتھ بھی رابطوں میں ہے۔پنجاب میں کیا کردار ادا کرنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی ،ہم پارلیمانی نظام کو یرغمال نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن بہتر ہوتی ہے ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کو معلوم ہے دونوں مل کر اچھا کام کریں گے ۔جس طرح ماضی میں انتشار اوردھرنوں کی سیاست کی گئی ہم اس روایت کو آگے نہیں بڑھائیں گے لیکن مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھائیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر آزاد امیدوار تحریک انصاف کے قریب ہوتے تو ایک ایک امیدوار کو دو،دوبار کیمروں کے سامنے نہ لایا جاتا ۔ہم گزشتہ انتخابات میں خیبر پختوانخواہ میں حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ۔آزادامیدواروں کو جہاز میں بٹھا کر نئے پاکستان کو پرانی ڈگر پر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے 1985ء کے دورکی یاد تازہ ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد امیدواروں سے جھوٹے وعدے کر کے انہیں وزیر اورمشیر بنانے کا جھانسہ دیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے کے مطابق حمزہ شہبازہی قائد حزب اختلاف یا وزیر اعلی پنجاب ہو سکتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1