عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے ،علیم خان

عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے ،علیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نو منتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی ساری قوم کے جذبات کی ترجمانی اور پی ٹی آئی کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کا وہ ثمر ہے جس کے مثبت اثرات ملک و قوم کے مستقبل پر مرتب ہوں گے اور انشاء اللہ ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کپتان کی طرف سے پروٹوکول نہ لینا اور سادگی اختیار کرنا ثابت کرتا ہے کہ باقی وعدے بھی وفا ہوں گے اور سرکاری سطح پر کم سے کم خرچ کو یقینی بنایا جائے گا ،عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کیا جائے گا اور فنڈز کے بے جا استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ 6اگست کا دن ملکی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا جس روز ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد کو باقاعدہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور تحریک انصاف کا پارلیمانی لیڈر نامزدکیا گیا ہے جسے ساری پارٹی کی مکمل حمائیت حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے عمران خان جیسے دلیر ، نڈر اور بے باک رہنما کی ضرورت تھی جو چیلنجز کا مقابلہ کر کے سرخرو ہوں گے اور خلوص نیت کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلائیں گے ۔عبدالعلیم خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کی طرف سے مسترد ہونے والے شکست خوردہ عناصر اپنی خفت مٹانے کیلئے تحریک انصاف پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ان کے چوں چوں کے مربے کا بھانڈہ جلد چوراہے میں پھوٹ جائے گا اور مفادات کی سیاست کرنے والوں کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ،انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے صرف ایک آزاد رکن کو شامل کرنے کا دعوی کرنے والے کیسے پنجاب میں حکومت بنا سکتے ہیں ؟نواز لیگ کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہوجانا چاہیے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ وفاق اور صوبوں میں تحریک انصاف حکومتیں قائم کرے گی اور عوامی امنگوں پر پورا تریں گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1