قصور اور شیخوپورہ کی رہائشی سکیموں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا

قصور اور شیخوپورہ کی رہائشی سکیموں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے بتایا ہے کہ لاہور کے علاوہ قصور اور شیخوپورہ کی پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں بھی یوم آزادی کے سلسلے میں کنسرٹ اور دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ نوجوان نسل کو جدوجہد آزادی سے روشناس کرانے اور ان میں وطن کی محبت کا جذبہ اجاگر کرنے کے لئے 14اگست کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملی نغموں کا کنسٹرٹ منعقد کیاجائے گا جس میں نامور اور مقبول فنکار حصہ لیں گے ۔کنسرٹ سننے کے لئے آنے والے رضاکارانہ طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کر وا سکیں گے ۔اس مقصد کے لئے وہاں بینک کا بوتھ قائم کیا جائے گا۔ 13اور 14اگست کی درمیانی رات 12بجے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا ۔14اگست کے دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی ترقی ‘سلامتی و استحکام کے لئے خصوصی دعاؤں سے کیاجائے گا ۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب حضوری باغ بادشاہی مسجد میں منعقدہوگی جس میں سکولوں کے طلبہ کی طرف سے ملی نغمے بھی پیش کئے جائیں گے ۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی طرف سے شہر بھر میں بینرز اور ہورڈنگز لگائے جائیں گے اور بیس مقامات پر تحریک آزادی کے رہنماؤں کے پورٹریٹ نصب کئے جائیں گے ۔ شہر کے مختلف علاقوں اور پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد کی جائیں گی ۔ اس مقصد کے لئے مختلف محکموں ‘نجی اداروں ‘تاجر تنظیموں اور رہائشی سکیموں کی انتظامیہ کے درمیان قریبی رابطے کے لئے ایل ڈی اے آفس میں قائم کیاجانے والا کنٹرول روم آپریشنل کر کے افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن عامر احمد خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جن کاموبائل نمبر0322-8888246ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ نجی رہائشی سکیموں میں جشن آزادی کی تقریبات کا مقابلہ ہوگا اور اول ‘دوم اور سوم آنے والی سوسائٹیوں کو انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں گی ۔ وہ گزشتہ روز جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرر ہی تھیں جس میں تاجر رہنماؤں عرفان اقبال شیخ‘ایم ایم عالم روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد سلیم‘ دیگر تاجر رہنمااو رمعروف پرائیویٹ رہائشی سکیموں کے ڈویلپرز شامل تھے جنہو ں نے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے رانا عبدالشکور، چیف میٹرو پولیٹن پلانر شکیل انجم منہاس، چیف ٹاؤن پلانر سید ندیم اختر زیدی،چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور واسا ‘سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان جشن آزادی کی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں پنجاب فٹبال سٹیڈیم کادورہ بھی کیا