مالی سال 2017-18کے دوران 14.49ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد

مالی سال 2017-18کے دوران 14.49ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد

لاہور(کامرس رپورٹر) گذشتہ مالی سال کے دوران مجموعی درآمدی بل میں پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 23.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2017-18ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر پاکستان نے 14.430 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا جبکہ مجموعی درآمدی بل 60.867 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد وشمارکے مطابق مالی سال 2016-17ء کے مقابلے میں مالی سال 2017-18ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 32.10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ درآمدی پٹرولیم مصنوعات میں ایل این جی کا حصہ سب سے زیادہ اور نمایاں رہا، ایک سال کے عرصہ میں ایل این جی کی درآمد میں 86.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2016-17ء میں پاکستان نے ایل این جی کی درآمد پر 1.312 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا، مالی سال 2017-18ء میں ایل این جی کی درآمد پر2.453 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔ اس عرصہ میں خام پٹرولیم کی درآمدات میں 66.05 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال 2016-17ء میں پاکستان نے خام پٹرولیم کی درآمدات پر 2.547 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا تھا جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران خام پٹرولیم کی درآمدات پر 4.229 ارب ڈالر صرف ہوئے۔

مزید : کامرس