اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں 1.8ٹن منشیات بر آمد ، 30ملزم گرفتا ر

اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں 1.8ٹن منشیات بر آمد ، 30ملزم گرفتا ر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے26ملک گیر کارروائیوں کے دوران 1 ارب 73 کروڑ 58 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی1.8 ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 30ملزمان کوگرفتارجبکہ18 گاڑ یاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1713.35 کلو گرام چرس، 59.22 کلو گرام افیون، 24.92 کلو گرام ہیروئن اور 11.99 کلو گرام ایمفیٹامائن شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع پر کاروائی کے دوران تحصیل گلستان، ضلعقلعہ عبداللہ کے پہاڑی علاقے کلی خرگئی سے 924 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل کیچھ، ضلع تربت کے علاقے ابصارکے قریب واقع کیچھ ندی سے ایک بغیر نمبر پلیٹ سنگل کیبن پک گاڑی کو قبضے میں لیکر گاڑی میں موجود 460 کلو گرام چرس،89 بوتل شراب اور 11 ٹِن بیئر برآمد کر لی۔جبکہ ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے ۔اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبر SV-727 جدہ جانے والے گجرات کے رہائشی عظمت علی نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1.8 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک سوزوکی سوفٹ کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 3.3 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی امجد اللہ اور عبدالقادر نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مردان کے رہائشی جان محمد اور چارسدہ کے ر ہائشی مسعود نامی 2 مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے سفری بیگ سے 3.37 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے دونوں ملزما ن کو گرفتار کر لیا۔ملزمان پرواز نمبر XY-316 کے ذریعے ریاض روانہ ہو رہے تھے۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر EY-232مدینہ جانے والے سوات کے رہائشی رحمت زیب نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سفری بیگ سے 3 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے موٹروے پولیس کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے چکری، راولپنڈی کے قریب اسلام آباد ۔راولپنڈی موٹروے پر کھڑی ایک لاوارث ٹیوٹا کرولا کار کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے ڈیش بورڈ میں چھپائی گئی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے موٹروے ٹول پلازہ، اسلام آباد کے قریب ایک سوزوکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈگّی میں چھپائی گئی 81.055 کلو گرام چرس اور 12.420 کلو گرام افیون برآمد کر گوجرانوالہ کے رہائشی اشتیاق احمد نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور نے ایکسپو سینٹر، جوہر ٹاؤن، لاہور کے قریب کاروائی کے دوران ایک ٹرالر کو روک کر دوران تلاشی ٹرالر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 30 کلو گرام چرس برآمد کر کے اوکاڑہ کے رہائشی اسرار خان اور ساہیوال کے رہائشی سرفراز نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
منشیات برآمد

مزید :

علاقائی -