مردان میں سہ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کمشنر نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا

مردان میں سہ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کمشنر نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا ...

مردان (بیورورپورٹ)کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے کمشنر ہاؤس میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مردان ڈویژن میں پولیو کے خلاف قومی مہم کا باضابطہ افتتاح کیا ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل ہادی ، اسسٹنٹ کمشنر عمران خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایک بریفنگ میں کمشنر کو بتایا گیا کہ آج سے شروع ہونے والے خصوصی مہم کے دوران ضلع مردان میں405554 اور ضلع صوابی میں ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔انہیں مزید بتایا گیا کہ مردان اور صوابی میں پولیو ٹیمیں اپنے اپنے مقررہ یونین کونسلز میں پہنچ گئیں ہیں جن کو پولیس کی جانب سے مکمل سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ضلع مردان میں پولیو کی کل 1250 ٹیمیں کام کررہی ہیں ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر مردان عبدالغفور بیگ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس کو ختم کرنے کے لیے حکومتی اداروں اور عوام کو مل جل کر کام کرنا ہوگا اس حوالے سے میڈیا پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھی اس حوالے سے عوام میں پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو دور کریں تاکہ عوام اپنے بچوں کے روشن مستقبل اور ان کو پولیو کی خطرناک بیماری سے بچانے کے لیے اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر