مقبوضہ کشمیر میں بیرونی آباد کاری قابل مذمت ہے: روشن خورشید

مقبوضہ کشمیر میں بیرونی آباد کاری قابل مذمت ہے: روشن خورشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سانگلاہل(تحصیل رپورٹر) وفاقی وزیرامور کشمیر ، گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچہ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آباد کاروں کی بستیاں بسانے کے قابل مذمت اقدا ما ت سے اپنے مذموم مقاصد کسی صورت میں حاصل نہیں کر سکتا ، مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی خاطر بھارت جس طرح مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر جو اقدامات اٹھا رہا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابل مذمت اقدامات کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر کشمیری اس قسم کے اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ شائد بھارت بار بار اس حقیقت کو بھول جاتا ہے کہ اس کے تما م تر انتہائی اقدامات اور ظلم و تشدد کے باوجود پچھلے ستر سالوں میں نہ تو وہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور نڈر عوام کو ڈرا دھمکا سکا ہے اور نہ ہی ان کے دل جیت سکا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے تمام تر مظالم اور تشدد کے باوجود کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اور اضافہ ہوا ہے اور آج کشمیر یوں کی تیسری نسل اپنے آباؤ اجداد سے بھی اور زیادہ بڑھ کے پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں اور اس ضمن میں آئے روز مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں پر اپنی جانوں کی قربانی پیش کر رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو بے دردی سے شہید نہ کر دیا جاتا ہو ، انہوں نے کہا کہ صرف گزشتہ چار دنوں میں مقبوضہ وادی میں دس سے زائد کشمیروں کو شہید کر دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق حالیہ رپورٹ کے بعد پوری دنیا پر بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے بدنما چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
روشن خورشید