سپیکرکشمیر اسمبلی کادورہ نیلم،مختلف مقامات پر شاندار استقبال

سپیکرکشمیر اسمبلی کادورہ نیلم،مختلف مقامات پر شاندار استقبال

مظفرآباد(بیورورپورٹ)سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر جو کہ وادیء نیلم کے دورہ پر ہیں۔ نیلم کے مختلف مقامات پر اُن کا شاندار استقبال، عوام علاقہ کی جانب سے سپیکر اسمبلی کی جانب سے نیلم میں ترقیاتی عمل میں اعلیٰ کارکردگی پر اُنہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ عوام علاقہ نے ان خیالات کا اظہار کیا کہ گزشتہ ادوار میں نیلم کی ترقی کو آج کے دور سے موازنہ کریں تو واضح ہوتا ہے کہ موجودہ دور میں ہر شعبہء زندگی میں بھرپور ترقی ہوئی ہے۔شاہ غلام قادر سپیکر اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس سے انکار ممکن نہیں، تعلیم یافتہ اور باشعور معاشرہ ہی کامیابی کا ضامن ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو بہر صورت پُورا کیا جائے گا، اسکے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیم کے حصول میں عوام علاقہ کو کسی قسم کی دُشواری کا سامنا نہ ہو اور کوالٹی ایجوکیشن ممکن ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک دوسرے سے روابط کو سہل بنانے کے لیے ایس کام سروس کا دائرہ یونین کونسل گریس میں مکمل طور پر بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ پورے گریس میں ایس کام سروس ممکن ہو۔ شاہ غلام قادر سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے کہا کہ ہائیڈل پاور کے نئے منصوبہ جات کے ذریعے بجلی کی کمی کو پورا کیا جائے گا تاکہ بجلی کی بنیادی ضرورت سے ہر ایک مستفید ہو سکے۔ روزگار کے سلسلہ میں اُنہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان روزگار کے طلبگار ہیں، ہماری حکومت نے آتے ہی میرٹ کو مقدم جانا، رشوت ، سفارش اور اقربا پروری کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔اب پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کے ساتھ مقابلے کے امتحان میں بیٹھنا چاہیے کیونکہ کہ اب اُن کی صلاحیتوں پر ڈاکہ مارنا ممکن نہیں رہا اور میرٹ کا بول بالا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گریس میں بین الاقوامی معیار کی سڑک بنا رہے ہیں جسکی تکمیل 2سال میں ہو گی۔جس سے عوام علاقہ کو انتہائی سہولت میسر آئے گی۔ اسکے علاوہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گریس میں فرسٹ ایڈ پوسٹس میں واضح اضافہ کیا جائے گا۔ہر پرائمری سکول میں قاری لگانے کی کارروائی ہو رہی ہے۔آئینی ترمیم کے بعد تعمیر و ترقی میں انقلاب یقینی ہے۔آج ترقیاتی سکیمیں زمین پر نظر آرہی ہیں۔عوام افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ مخالفین کو ہماری جانب سے کی جانے والی تعمیر و ترقی برداشت نہیں ہو رہی۔سپیکر اسمبلی نے پھلاوئی میں پرائمری سکول کی بلڈنگ تعمیر کرنے کا اعلان کیا جس پر عوام علاقہ نے انتہائی مُسرت کا اظہار کیا۔پھلاوئی میں جلسہء عام ہوا ، عوام علاقہ نے بڑھ چڑھ کر جلسہ میں شرکت کی ۔سرداری گرلز ہائی سکول میں منعقدہ تقریب سے سپیکر اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی افادیت و اہمیت ہر ایک پر عیاں ہے اور اس سے انکار نا ممکن ہے، اسلیے تعلیمی میدان میں ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ جانوئی کے مقام پر پُر ہجوم جلسہ ہوا جس میں عوام علاقہ کی بھر پور شمولیت پائی گئی۔ چار روزہ دورہ وادی ء گریس کے پہلے روزمچھل جمگر، جمگر کیمپ،جندر سیری،ڈوگہ اور جانوئی کے مقام پر سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کے شاندار استقبال کیا گیا۔ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کا دورہء نیلم ویلی جاری ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر