خواتین کو ہنر مندی کی جدید تربیت دی جارہی ہے،ڈاکٹر قدسیہ

خواتین کو ہنر مندی کی جدید تربیت دی جارہی ہے،ڈاکٹر قدسیہ

مظفرآباد(بیورورپورٹ)ڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ آزاد کشمیر ڈاکٹر قدسیہ بتول کا ضلع نیلم میں مختلف وویمن ڈویلپمنٹ سینٹرز کا دورہ ۔اس موقع پر انہوں نے خواتین کی دستکاری کی مختلف مصنوعات کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی والی خواتین میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قدسیہ بتول نے کہا کہ خواتین کو ہنر مندی کی جدید تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ مارکیٹ کی ضرورت کے پیش نظر کام کر کے اپنی آمدن بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نیلم کے وویمن ڈویلپمنٹ کے تمام سینٹرز پر کشمیر ی دستکاری کے نمونہ جات ڈسپلے کیے جارہے ہیں تاکہ سیاحوں کو ان سے آگاہی ہو اوروہ کشمیر ی دستکاری کی مختلف اشیاء خرید بھی کر سکیں۔ خواتین کے استعداد کار میں اضافہ کیا جائیگا تاکہ آزاد کشمیر بھر کی خواتین گھر بیٹھے روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف اگلے ہفتے نیلم میں آزاد کشمیر کے پہلے دستکاری سینٹرکا افتتاح کریں گی ۔ اس سینٹر کے ذریعے گھریلو خواتین کی بنائی گئی مصنوعات کو مارکیٹ میں جگہ ملے گی اور خواتین کے ذرائع آمدن میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ اس سینٹر کے قیام سے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ آزاد کشمیر ؛میں گھریلو خواتین کی مصنوعات کا اس طرز کا سینٹر قائم کیا گیا ہے ۔ اسی طرز پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں سینٹرز قائم کے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر خواتین کو معاشی خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے یہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر