عوام کا اعتماد ہی تحریک انصاف کی طاقت ہے ،خرم شیر زمان

عوام کا اعتماد ہی تحریک انصاف کی طاقت ہے ،خرم شیر زمان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں تحریک انصاف کی حکومت تادیر قائم نہیں رہ سکتی، انہیں اپنے بیان پر غور کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی قیادت میں اقتدار کی مدت پوری کرنے کیلئے میدان میں آئی ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کا اعتماد ہی تحریک انصاف کی طاقت ہے۔ چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم کا حلف نہیں اٹھایا ، اس کے باوجود لوگوں کو ان سے بے شمار مثبت امیدیں ہیں۔ تحریک انصاف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والے صرف پی ٹی آئی کے نہیں، عوام کی امیدوں کے بھی مخالف ہیں۔ ملک بھر میں تحریک انصاف کی لازوال جیت نے مخالفین کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنما ملک کو ایک نئے مستقبل کی طرف لے کر جائیں گے۔ پورے ملک بالخصوص سندھ اور کراچی میں تحریک انصاف ترقی کے بہترین منصوبے عمل میں لائے گی۔ اس وقت سندھ میں ہم پہلے سے کافی بہتر پوزیشن میں ہیں۔ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کو بے مثال کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے ووٹ دئیے ہیں۔ تحریک انصاف کراچی اور سندھ والوں کو مایوس نہیں کرسکتی۔ تحریک انصاف حکومت میں اپنے پانچ سال پورے کرے گی اور مخالفین منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر