ملیر کے 48 دیہاتوں میں واٹر سپلائی اسیکم مکمل کی جارہی ہے،مشتاق شاہ

ملیر کے 48 دیہاتوں میں واٹر سپلائی اسیکم مکمل کی جارہی ہے،مشتاق شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے آبپاشی،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی،بین الصوبائی رابطہ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مشتاق احمد شاہ نے کہا ہے کہ یونین کونسل کاٹھورضلع ملیرکے48دیہاتوں کو پانی کی فراہمی کے لے واٹر سپلائی اسکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ مواچھ گوٹھ یوسی 2 ضلع مغربی کراچی میں ایک اسکیم کے ذریعے پانی کی فراہمی کو بہتر کیا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیرکو اپنے دفتر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی ڈاکٹر ریاض اے میمن نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع عمر کوٹ اور ضلع تھرپارکر میں جاری متعدد ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانی کی فراہمی کے لے عمر کوٹ میں 48 واٹر ٹینک تعمیر کے جارہے ہیں اور واٹر سپلائی کی پائپ لائنز کو بہتر کیا جارہا ہے تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر مشتاق شاہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے لے کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں کی تکمیل میں شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر