اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا دھاندلی کو بے نقاب کرنا ہے :لیاقت بلوچ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل وجماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ون پوائنٹ ایجنڈا دھاندلی کو بے نقاب کرنا ہے، ہر پارٹی اپنا الگ الگ نظریہ اور منشور رکھنے کے باوجود عام انتخابات میں خلائی مخلوق کے آپریشن ردوبدل کیخلاف اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے متحد ہیں، 8اگست سے مرکزی وصوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر پر دھاندلی زدہ انتخابات کیخلاف اپنا احتجاج نوٹ کرائیں گے،آئین پاکستان،جمہوریت اورشفاف وغیرجانبدارنہ انتخابات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے، ہم جمہوری سسٹم کو ڈی ریل یا انتشار کی بجائے پرامن، آئینی وجمہوری جدوجہد کے ذریعے مثبت کردارادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹویم میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا ،اس موقع پر صوبائی رہنماء عبدالحفیظ بجارانی،علامہ حزب اللہ جکھرو اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ہاسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان میں دینی جماعتیں ایک بڑی قوت کی حیثیت رکھتی ہیں، جنہوں نے ہمیشہ اصلاح معاشرہ کے ساتھ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا ہے،تمام تر سازشوں کے باجود دینی جماعتوں نے حالیہ انتخابات میں 55لاکھ ووٹ حاصل کئے ہیں،کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہمیں پارلیمنٹ سے باہر رکھ کر وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کو بااختیار بنایا مگر وہ اپنے اختیارات کی حفاظت کرنے میں ناکام ثابت ہوا،جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ ،کرپشن فری پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکولر اور کرپٹ قیادت نے گذشتہ ستر سالوں سے قومی دولت کی لوٹ مار،بھوک وافلاس کے علاوہ قوم کو کچھ بھی نہیں دیا ہے۔الحمدللہ! جماعت اسلامی سمیت کسی بھی دینی جماعت کے فرد کا پانامہ لیکس میں نام نہیں ہے، اسلئے ملک کو موجودہ بحران سمیت تمام مسائل سے نجات صرف اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی دلاسکتی ہے۔