ایک سال سے پڑے کوڑے کی سالگرہ، کیک کاٹ کر ڈھیر پر رکھ دیا

Aug 07, 2018 | 11:44:AM

گوجرانوالہ (ویب ڈیسک) عام لوگ پارٹی نے شہر بھر میں ایک سال سے پڑے کوڑا کرکٹ کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر انوکھا احتجاج کیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرنیوالے مظاہرین نے کیک کھانے کی بجائے اسے کوڑے پر رکھ دیا۔

عام لوگ پارٹی کے چیئرمین نسیم صادق اور دیگر عہدیداران اور کارکنوں نے شہر بھر میں ایک سال سے پڑے کوڑا کرکٹ کی انوکھی سالگرہ کی۔ اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر کیک بھی کاٹا گیا ، اس کیک پر کچرا سالگرہ لکھا ہوا تھا۔ چیئرمین عام لوگ پارٹی نے کیک کاٹا تو مظاہرین نے تالیاں بجانے کی بجائے ضلعی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ بعدازاں کیک کو کاٹ کر کوڑے پر رکھ دیا گیا۔

اس موقع پر نسیم صادق کا کہنا تھا کہ اقتدار کا مزہ لوٹنے والوں نے کبھی عام لوگوں کا حال نہیں پوچھا ،شہر بھر میں ایک سال گزر جانے کے باوجود کوڑے کے لگے پہاڑوں کو اٹھایا نہیں جا رہا ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہونے کے باعث شہری بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔

مزیدخبریں