اہم حکومتی عہدو ں کے حوالے سے عمران خان کیا کررہے ہیں؟ فواد چودھری نے سب کچھ بتا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہاہے کہ اہم حکومتی عہدوں کے حوالے ناموں کا اعلان نہ ہونے پر ہم پر تنقید ہورہی ہے لیکن عمران خان نے کہاہے کہ ” میں نہ میڈیا دیکھ رہا ہوں اور نہ تجزیے سن رہاہوں ، اہم عہدوں کے حوالے سے فیصلہ میں خود کروں گا۔“
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہاکہ ہائی کورٹ کے فیصلے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کے مطابق نہیں ہیں28حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لئے گئے ہیں جس کی وجہ سے21دن کے اندر انتقال اقتدار کے تمام مراحل مکمل ہوتے نظر نہیں آرہے ۔ عمران خان کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر روک دیاگیا حالانکہ اس پر فائن ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اب چیف جسٹس آف پاکستان ہی نمٹا سکتے ہیں۔ انتخابات سے قبل بھی انہوں نے اقدام کرکے الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا تھا ۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہائی کورٹ کے ججز صاحبان کے فیصلوں سے ملک میں انتقال اقتدار کا عمل تاخیر کا شکار ہو سکتاہے اور اس طرح ملک جو معاشی مسائل کا شکار ہے اس کو مزید نقصان پہنچنے کا احتمال ہے ۔اہم عہدوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس عمل میں تاخیر ہونے پر میڈیا پر تنقید ہورہی ہے اور یہ بات ہمارے علم میں ہے لیکن عمران خان نے اس حوالے سے کہاہے کہ” نہ میں نہ میڈیا دیکھ رہاہوں اور نہ تجزیے سن رہاہوں ۔ میں خود اہم عہدوں کے حوالے سے فیصلے کروں گا ۔ “انہوں نے کہاکہ ضابطہ اخلاق کی ایک اخلاقی حیثیت ہے اگر اس پر اس طرح سخت ایکشن لئے جانے لگے تو پھرتو اسمبلیاں ہی خالی ہو جائیں گی ۔