مودی کے توسیع پسندانہ عزائم کے باعث خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے:فواد رسول بھلر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی رہنما چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے مسلمانوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کررکھا ہے،نریندر مودی کے توسیع پسندانہ عزائم کے باعث خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
بحریہ ٹاؤن لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےچوہدری فواد رسول بھلر نے کہا کہ وادی کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر گذشتہ 70 سالوں سے بھارتی مظالم جاری ہیں،بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے مسلسل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں اپنی فوج کی طاقت کےزور پر ظلم اور بربریت ڈھارہاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں اور توسیع پسندانہ عزام سے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے،ایک سال سےکشمیر میں بھارتی فورسز نےبدترین محاصرہ کررکھا ہے اور لوگوں کو آزادانہ نقل وحرکت کے علاوہ علاج معالجے کی سہولت بھی نہیں دی جارہی، اس کے باوجود کشمیری عوام بھارت سے آزادی کے جذبے پر قائم ہیں۔انہوں نےکہاکہ مقبوضہ کشمیر کامسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اورمقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار اداکرے،پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مسلہ کشمیر کے حل کے لئے آخری حد تک جانے کے لئے تیار ہے،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔