بارش کی پیشگوئی، سی اے اے کا جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کیلئے الرٹ جاری
کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور ایئر پورٹ پر موجود آلات کو موسم کی خرابی کی صورت میں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے شعبہ الیکٹریکل کو ٹوٹے ہوئے تاروں اور لائنوں کی مرمت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے دوران ایئر پورٹ پر کیڑے مکوڑوں اور پرندوں کے تدارک کیلئے سپرے اور شوٹرز تعینات کیے جائیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایئر پورٹ کے گرد ڈرین پائپ اور جھاڑیوں کی کٹائی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔
سی اے اے