ٹکے ماری اور اقرباپروری سے ملکی جڑیں کھوکھلی کرنیوالے احتساب کے شکنجے میں ہیں: فیاض الحسن 

ٹکے ماری اور اقرباپروری سے ملکی جڑیں کھوکھلی کرنیوالے احتساب کے شکنجے میں ...

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کو حقیقی معنوں میں بدلنے، ترقی کے سفر پر لے جانے کا عزم رکھتے ہیں، عشروں سے نظر انداز ملکی سیاسی و انتظامی ڈھانچے کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کا اولین مقصد ہے، کر پشن، لوٹ مار، ٹکے ماری اور اقربا پروری کے ذریعے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنیوالے آج احتسا ب کے شکنجے میں ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انکامزید کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی کورونا کیخلاف جنگ میں موثر اور بروقت حکمت عملی کا نتیجہ 90 فیصدمریضو ں کی صحتیابی اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی کی صورت میں نکلا ہے۔ کورونا کیسز میں واضح کمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت ملک میں معاشی سر گر میاں بتدریج تیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔ جلد سارے ملک بالخصوص کے پی کے میں سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی بدولت نئے کورونا کیسز ایک فیصد سے بھی کم سطح پر آ گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نچلے طبقے کی مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں۔ لاہور میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت تنخواہ دار طبقے کیلئے اپارٹمنٹس کی تعمیر جلد شروع کی جائیگی۔ ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔قبل ازیں صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان سے چیئرمین زکوہ عشر ڈسٹرکٹ لاہور شبیرسیال نے ملاقات کی، جس میں لاہور میں مساوی زکوٰۃ کی تقسیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا، شبیرسیال نے مساوی زکوٰۃ کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور حکومت سے مستحقین کی تعداد بڑھانے کی درخواست کی، اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے کہا پی ٹی آئی حکومت عوام کی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام کے مسائل کو حل کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شبیرسیال کا کہنا تھا لاہور میں میرٹ کی بنیاد پر مستحقین کو زکوٰۃ دی جائیگی، شفافیت پی ٹی آئی کی حکومت طرہ امتیاز ہے،مسلم لیگ ن نے اپنے دورِحکومت لاہور میں مستحقین زکوٰۃکو نظر انداز کے پارٹی ورکرز میں زکوٰۃ تقسیم کی۔

فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -