حکومت ہمارا احتساب نہیں انتقام لے رہی ہے، حمزہ شہباز
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت ایک سال کے دوران عالمی پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی نمائندگی کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی صحیح نمائندگی کرسکتا ہے،نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے،حکومت سے آٹا، چینی اور پٹرول کے بارے پوچھیں تو کہتے ہیں انکوائری ہو گی، نیک و کاروں نے آٹا چینی میں ملوث لوگوں کو راتوں رات ملک سے باہر بجھوا دیا، دو سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے، آوئے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے،پاکستان اناڑیوں اور کنفیوزڈحکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں۔ گزشتہ روز نیب پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے کشمیر کا مقدمہ کیا لڑے گی۔عالمی برادری نے کشمیر اور فلسطنیوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ہمیں متحد ہو کر کشمیر کی آزادی کیلئے جہدوجہد کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں وثوق سے کہتاہوں کہ جب تاریخ اور پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی کہانی لکھی جائے گی تو اس میں نیب اور اس کا عمران خان نیازی کیساتھ گٹھ جوڑ سرفہرست ہو گا۔ سلیکٹڈ حکمرانوں نے قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں،انہیں اس کا حساب دینا ہو گا، ہم گھبرانے والے نہیں،لیکن یہ احتساب نہیں انتقام اور تماشا کیاجارہاہے۔ گندم چینی میں خود کفیل ملک میں دونوں چیزیں مہنگی ہونے کے باوجود دستیاب نہیں۔آٹا چینی پٹرولیم مصنوعات اور بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ پریشان ہیں اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔حکمرانوں کی کشتی ہچکولاے کھا رہی ہے۔
حمزہ شہباز