ن لیگ نے ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شہباز شریف کو ہر فیصلے کا اختیار دیدیا 

ن لیگ نے ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شہباز شریف کو ہر فیصلے کا اختیار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس میں پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال، معاشی، داخلی اور خارجی امور پر تفصیلی غور کیاگیا۔اجلاس میں متفقہ طورپر منظور کی گئی قرار داد میں کہاگیاکہ یہ اجلاس پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی اپوزیشن جماعتوں کو قومی ایجنڈے اور حکمت عملی پر متحد ومتفق کرنے کی تائید کرتے ہوئے انہیں اختیار دیتا ہے کہ وہ ملک وقوم کو موجودہ مسائل ومشکلات سے نکالنے کے لئے مناسب فیصلے کریں۔بھارتی انتہاء پسند بی جے پی حکومت کے پانچ صدیاں قدیم تاریخی بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں پر زور دیتے ہیں کہ بھارت کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی عبادت گاہوں اور تاریخی ورثے کی حفاظت کے لئے عالمی قانون کے تحت ذمہ داریاں پوری کریں۔ بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے ناقص فیصلے کے ذریعے انتہاء پسند ’آر ایس ایس‘، ’بی جے پی‘ حکومت کی مدد کی جو قابل مذمت، افسوسناک اور انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019کے بھارت کے غیرقانونی اقدامات کو خطے میں جنگ بھڑکانے کی چال قرار دیتا ہے اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل پرزور دیتا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، جینیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی رکوائی جائے، انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کیاجائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیاجائے۔ اجلاس زور دیتا ہے کہ او آئی سی سربراہی اجلاس بلایاجائے اور تنازعہ جموں وکشمیر پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ کشمیریوں کے حقوق اور ان کے منصفانہ نصب العین کے لئے عملی اقدامات کرے اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے، کشمیر کاز کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) پوری طرح پرعزم اور اس ضمن میں قومی مفادات کے حصول کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ اجلاس حکومت پاکستان کی طرف سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو’نشان پاکستان‘ دینے کا دینے کا خیرمقدم کرتا ہے۔اجلاس افغانستان کی جانب سے باب دوستی چمن اور دیر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر فائرنگ اور جانی ومالی نقصانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان حکومت پر زوردیتا ہے کہ امن کے مفاد میں مثبت ماحول پیدا کرے۔قراردیاگیا کہ موجودہ حکومت معیشت تمام محاذوں پر مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔ موجودہ ٹولہ نہ صرف کرپٹ ہے بلکہ نااہل اور کوتاہ نظر بھی ہے۔ عوام موجودہ ٹولے سے تنگ آچکے ہیں اور ان سے نجات چاہتے ہیں۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ موجودہ حکومتی انتظام اگر اسی ڈگر پر یوں ہی چلتا رہا تو اس کے ملک اور عوام پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے اور خدانخواستہ ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستانی قوم بھوک اور افلاس کا شکار ہے۔ شواہد بتارہے ہیں کہ حکومت خود ذخیرہ اندوزی کراتی، قلت سے مہنگے داموں اپنے حواریوں کو نوازتی اور پھر کمیشن بنا کر وزیراعظم کو این آر او دلاتی ہے،ملک اس وقت عملا مافیاز کی گرفت میں ہے۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں ظلم کی ہر حد پھلانگ رہی ہے۔
 ن لیگ اختیار
 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی ہی پارٹی سے روٹھ گئے اور پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی بجائے اپوزیشن چیمبر میں روٹھے بیٹھے رہے،شاہد خاقان عباسی کی اجلاس میں عدم شرکت پر اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی ہدایت پر عطا تارڑ اور محسن رانجھا نے اپوزیشن چیمبر میں جاکر شاہد خاقان عباسی کو منایا اور اپنے ساتھ لے کر اجلاس میں آئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس قائدحزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی تاہم شاہد خاقان شریک نہیں ہوئے جنہیں شہبازشریف کی ہدایت پر عطاتارڑ اور محسن رانجھا منا کر اجلاس میں لائے۔اس موقع شہباز شریف نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کورونا سے پہلے ہی ہماری معیشت تباہ ہوچکی تھی۔ کورونا وبا آنے سے پہلے ہی قومی معیشت ہچکولے کھارہی تھی۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں کرپشن کے تاریخی سکینڈل سامنے آئے تاہم حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ حکومت نے عیدالاضحی سے پہلے عوام پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بم گرایا،گندم کی فصل کٹتے ہی پہلے دن سے گندم غائب ہوگئی،ایسا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی و داخلی محاذ پر حکومتی کی ناکامی اور نااہلی سب کے سامنے عیاں ہے۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ مشکل حالات میں اگر کوئی جماعت پرعزم رہی وہ مسلم لیگ ن ہی ہے،مسئلہ کشمیر کو اگر کوئی جماعت منطقی انجام تک پہنچا سکتی ہے وہ مسلم لیگ ن ہے۔
شاہد خاقان 

مزید :

صفحہ اول -