کورونانے دنیا کو تبدیل کر دیا،ڈیجیٹل ڈپلومیسی وقت کی ضرورت،شاہ محمود قریشی 

کورونانے دنیا کو تبدیل کر دیا،ڈیجیٹل ڈپلومیسی وقت کی ضرورت،شاہ محمود قریشی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کووڈ 19نے دنیا کو یکسر تبدیل کر دیا ہے،ڈیجیٹل ڈپلومیسی، وقت کی اہم ضرورت ہے،افسران کو روایتی سفارت کاری کے ساتھ، ڈیجیٹل سفارت کاری کے رموز سے بہرہ ور کیا جائے۔ جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ڈیجیٹل ڈپلومیسی گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل ڈپلومیسی گروپ، وزیر خارجہ کے پبلک ڈپلومیسی وژن کا حصہ ہے جس میں ڈیجیٹل اور تکنیکی ماہرین شامل ہیں،ڈیجیٹل ڈپلومیسی گروپ کے ممبران میں وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد،، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے کے سی ای او سید شباہت علی شاہ، جنرل مینجر ڈیجیٹل میڈیا ونگ وزارت اطلاعات عمران غزالی، ڈیجیٹل ایکسپرٹ تانیہ ایدروس، پروپاکستانی بلاگ کے بانی عامر عطاء، پبلک ریلیشنز ایکسپرٹ سلینا راشد اور وزیر خارجہ کے مشیر برائے پبلک ڈپلومیسی عمران اختر شامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ کووڈ 19نے دنیا کو یکسر تبدیل کر دیا ہے،ڈیجیٹل ڈپلومیسی، وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت خارجہ کو اللہ تعالیٰ نے بہترین ہیومن ریسورس سے نوازا ہے ہمارے وسع تجربہ کے حامل سفارتکار، ایمبیسڈرَ موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بدلتے ہوئے وقت کے تقاضوں کو بھانپتے ہوئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ افسران کو روایتی سفارت کاری کے ساتھ، ڈیجیٹل سفارت کاری کے رموز سے بہرہ ور کیا جائے،وزیر خارجہ نے ڈیجیٹل ڈپلومیسی گروپ کو ہدایت کی کہ وزارت خارجہ کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے، جامع اور قابل عمل تجاویز کو سامنے لایا جائے۔
شاہ محمود قریشی 

مزید :

صفحہ اول -