مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ ختم انٹر نیٹ بحال کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل

مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ ختم انٹر نیٹ بحال کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)انسانی حقوق کی معروف عالمی تنظیم ”ایمنسٹی انٹرنیشنل“  نے نریندر مودی کی بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں طویل عرصے سے جاری محاصرہ ختم، تمام سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور کارکنوں کو رہا اور علاقے میں تیز رفتار انٹرنیٹ بحال کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کا ایک برس مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت گزشتہ ایک برس کے دوران جموں وکشمیر کے عوام کے لیے انصاف کی تمام راہیں ایک منظم طریقے سے بند کرتا رہا ہے۔ صحافتی آزادی اور صحافیوں کے حقوق سے متعلق پیرس میں قائم تنظیم ”رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز“نے جموں وکشمیر میں پریس کی آزادی کی خلا ف ورزیوں پر بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں صحافیوں کیلئے گزشتہ ایک برس کے دوران اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی جہنم بن چکی ہے۔ صحافتی تنظیم نے بھارتی حکام کی طرف سے کشمیر میں پریس کی آزادی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اگر نریندر مودی کی حکومت اپنی ان پالیسیوں کو برقرار رکھتی ہے تو تاریخ میں اسکا خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ اس نے اسی لاکھ شہریوں کو وبائی مرض کے دوران بھی خبروں اور معلومات سے محروم رکھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل

مزید :

صفحہ اول -