صوابی، مختلف وارداتوں میں 2بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق، 2زخمی 

  صوابی، مختلف وارداتوں میں 2بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق، 2زخمی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 
صوابی(بیورورپورٹ)ضلع صوابی میں جائیداد کے تنازغات اور ٹریفک حادثات میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق جب کہ دو زخمی ہو گئے۔ چچا زاد بھائیوں کی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے پولیس تھانہ چھوٹا لاہور میں محمد یاسر ولد محمد شفیع سکنہ زیدہ نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں حامد علی، محمد علی، چچا عبدالسلام، چچا زاد بھائیوں حسین احمد، ارشاد احمد کے ہمراہ اپنے گاؤں زیدہ سے مشترکہ اراضی کی خانگی تقسیم کے سلسلے میں موضع شیخ ڈھیری میں واقع اراضی گئے ہوئے تھے اس موقع پر جمعرات کی صبح مسمیان وقار اور قاسم پسران عبدالسلام مسلح آتشین آکر برادران حامد علی اور محمد علی کے ساتھ اراضی کی تقسیم پر تکرار شروع کی۔ اس دوران میرے چچا عبدالسلام نے مبینہ طور پر اپنے بیٹوں وقار اور قاسم کو حکم دیا کہ مارو جس پر ان کے بیٹوں وقار اور قاسم نے اپنے اپنے اسلحہ آتشین سے مجھ پر اور میرے بھائیوں حامد علی اور محمد علی پر با ارادہ قتل فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں میرے دونوں بھائی 35سالہ محمد علی اور29سالہ حامد علی موقع پر جاں بحق ہو گئے جب کہ میں معجزانہ طور پر بوجہ فرار بچ گیا۔ چھوٹا لاہور پولیس نے محمد یاسر کی رپورٹ پر وقار، قاسم اور ان کے والد عبدالسلام کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء امجد علی ولد مختیار خان سکنہ یار حسین نے تھانہ یار حسین میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ شام نماز پڑھنے کے بعد وہ اپنے بھائی آصف کے ہمراہ مسجد سے گھر جارہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر عمر زیب نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کا بھائی آصف گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ وہ بال بال بچ گئے۔ رپورٹ میں وجہ قتل تنازغہ اراضی بیان کی ہے۔یار حسین پولیس نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ کلا ڈھنڈ جہانگیرہ میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد اویس سکنہ جلسئی جاں بحق ہو گیا جب کہ نور القمر زخمی ہو گیا پولیس نے الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔